ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / امریکی صدر ٹرمپ کے حامیوں کی ریلی میں ماسک مخالف بیان پر ڈاکٹر معطل

امریکی صدر ٹرمپ کے حامیوں کی ریلی میں ماسک مخالف بیان پر ڈاکٹر معطل

Mon, 07 Dec 2020 17:07:55  SO Admin   S.O. News Service

لندن،7/دسمبر(آئی این ایس انڈیا) امریکا کی ریاست اوریگن کے میڈیکل بورڈ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حق میں نکالی گئی ریلی میں ماسک پہننے کے خلاف بیان دینے پر ایک ڈاکٹر کا میڈیکل لائسنس منسوخ کردیا ہے۔معطل ڈاکٹر اسٹیوین لاٹیولپ نے کہا تھا کہ وہ ڈیلس میں واقع اپنے کلینک میں ماسک نہیں پہنتے ہیں۔

ایک مقامی  ٹی وی چینل نے جمعہ کو ایک رپورٹ میں بتایا تھا کہ ڈاکٹر اسٹیوین نے نومبر میں نکالی گئی ریلی میں یہ اعلان کیا تھا کہ وہ دوسروں کی بھی ماسک نہ پہننے پر حوصلہ افزائی کریں گے۔

ریاست اوریگن کے ایک فرمان کے تحت طبی عملہ خدمات صحت کے مراکز میں ماسک پہننے کا پابند ہے۔میڈیکل بورڈ نے اسی ہفتے ڈاکٹر اسٹیوین کے بیان کا جائزہ لینے کے بعد انھیں معطل کرنے کی منظوری دی ہے اور کہا کہ مریضوں کے تحفظ کے پیش نظر ان کا لائسنس معطل کیا جارہا ہے۔

اوریگن میں حالیہ ہفتوں میں کرونا وائرس کے کیسوں اور ہلاکتوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کے پیش نظر ریاستی اسمبلی کے ارکان ،وکلاء اور دوسرے افراد ڈیموکریٹک گورنرکیٹ براؤن سے قانون ساز ادارے کا خصوصی اجلاس بلانے کا مطالبہ کررہے ہیں ۔

اوریگن کے محکمہ صحت نے ہفتے کے روز کووِڈ-19 کے 1847 نئے کیسوں کی تشخیص اور 24 اموات کی اطلاع دی تھی۔ جمعہ کو 2176 نئے کیس ریکارڈ کیے گئے تھے اور پہلے سے کووِڈ-19 کا شکار 30 افراد وفات پاگئے تھے۔ اس ریاست میں مارچ میں کرونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد سے کل کیسوں کی تعداد 83 ہزار سے متجاوز ہوچکی ہے۔


Share: